نگراں وزیر صنعت گوہر اعجاز نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی۔ کراچی میں کاروباری برادری سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول سمیت تمام اشیاء کی مہنگائی ہوئی ہے۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے، اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آگئی ہے، غیر قانونی طور پر باہر ڈالر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے صنعت اور تجارت کا خیال رکھیں، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، ڈالر کی قیمت بڑھنےکی وجہ سے مہنگائی بڑھی، یہ نہیں ہو سکتا کہ 17 ڈالر کی گیس خرید کر 4 ڈالر میں دیں۔ نگراں وزیر صنعت نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ 16 ستمبر کو پیٹرول 26 روپے فی لیٹر مہنگا ہوکر 331 روپے 38 پیسے کا ہوگیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت 17 روپے 34 پیسے مہنگی ہونے کے بعد 329 روپے 18 پیسے ہے۔