غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہزار 306 ہو گئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین ہزار 457 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری فلسطینی اتھاڑتی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں جنوری سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 329 ہوگئی ہے۔ وزارت کے مطابق 121 ہلاکتیں سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد ہوئی ہیں۔ قبل ازیں حماس نے کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے۔ اسرائیل نے بھی غزہ میں اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ ’اس کے جنگجو شمال مغربی غزہ میں قابض (اسرائیلی) افواج کے ساتھ شدید لڑائی لڑ رہے ہیں۔‘ جمعے کو اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبات، بین الاقوامی سطح پر غم و غصہ اور غزہ میں یرغمالیوں کو لاحق ممکنہ خطرے کے باوجود، اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ کو مزید تیز کر دیا ہے۔ فلسطینی سرزمین پر اس وقت خوف و ہراس کی صورتحال ہے جہاں امدادی سامان ناکافی ہونے سے بھی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 24 لاکھ شہریوں میں سے نصف سے بھی زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں اور ہزاروں عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔