تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کا مقدمہ درخواست گزار نے واپس لے لیا ہے۔ جمعے کو مقدمے کے مدعی محمد حنیف کی جانب سے کیس کی جلد سماعت کی درخواست اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ہوئی۔سینیئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں درخواست گزار محمد حنیف اپنے وکیل فواد حیدر کے ہمراہ پیش ہوئے۔ تحریری عدالتی آرڈر کے مطابق جلد سماعت کے درخواست سنے جانے کے دوران مقدمے کے مدعی کے وکیل نے بتایا کہ تکنیکی بنیادوں پر کیس واپس لینے کی درخواست دائر کی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ کیس کی سماعت 25 نومبر کو مقرر ہے تاہم تکنیکی بنیاد پر کیس واپس لینا چاہتا ہوں۔ درخواست گزار کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا۔ درخواست گزار نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر دوران عدت نکاح کرنے کا الزام عائد کر رکھا تھا۔ عمران خان اور بشری عمران بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کا کیس خارج کردیا گیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جاری سماعت کے خلاف عمران خان نے بھی درخواست دائر کی تھی اور استدعا کی تھی کہ غیر شرعی نکاح کیس سے بری کیا جائے۔