پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر ن لیگ کی حکومت بننے کا راستہ روکیں۔ ایک بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے عوام آزاد کے بجائے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیں، ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کا منتخب ہونا ضروری ہے۔ ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی پر اسی طرح ظلم کر رہی ہے جیسے ماضی میں جیالوں پر کیا، پی ٹی آئی والوں کے پاس تیر پر ٹھپہ لگا کر نفرت اور انتقام کو ختم کرنے کا سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد امیدوار جتوائے تو ووٹ کی تقسیم کا فائدہ اٹھا کر ن لیگ حکومت بنالے گی، آزاد نمائندے توڑ اور خرید کر چھانگا مانگا کی سیاست کرنا شریف خاندان کا وتیرہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کی بولی لگانے والے جہانگیر ترین کو روکنے کا طریقہ تیر پر مہر لگانا ہے، ن لیگ کی حکومت بنی تو سیاسی کارکنوں پر ظلم کی سیاہ رات کا دورانیہ بڑھ جائے گا۔