پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ بارش کے 40 فیصد امکانات موجود ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے کیوی ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا تھا، کھلاڑی ہوٹل میں ٹیلی ویژن پر رگبی میچ دیکھ کر محظوظ ہوتے رہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا مزہ بارش نے کرکرا کر دیا، راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے پہلے میچ میں صرف 2 گیندیں پھینکی جا سکیں، اور اب کیوی ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے آرام کیا، امکان ہے دوسرے میچ میں بھی پاکستان ٹیم بغیر تبدیلی کے میدان میں اترے گی۔