پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے استعفوں کی تصدیق کیلئے وقت مانگ لیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر کو پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق کیلئے خط لکھ دیا ہے، اسپیکر چاہیں سب کو ایک ساتھ بلائیں یا ایک ایک کرکے بلائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، حکومت کا الیکشن کروانے کا ارادہ نہیں، اپنے دستخطوں کے ساتھ میں اسپیکر کو خط بھیج رہا ہوں، اسپیکر ہمیں بلائیں تاکہ ہم ان کے سامنے پیش ہو سکیں اور اجتماعی طور پر پیش ہو کر فیصلےکی تجدید کر سکیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا، حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے، ان کا الیکشن کروانے کا ارادہ نہیں ہے، وہ اپنے کیسز سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں، اگر انتخابات میں گڑ بڑ کی گئی تو ملک کے ساتھ ظلم ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ موجودہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نےحکومت کی ایما پر غیر قانونی اور آئین سے ہٹ کر فیصلہ کیا، 123 استعفے دیے لیکن مخصوص نشستوں پر الیکشن کروایا، اس کےباوجود ضمنی انتخاب میں مینڈیٹ عمران خان کو ملا۔ شاہ محمود نے کہا کہ میں خط اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیج رہا ہوں، عمران خان نے خط کی منظوری دے دی ہے، اسپیکر وقت دیں اور ہم فیصلے کی تجدید کرسکیں۔