سینتیاگو:چلی کے صدر نے فلسطینی کمیونٹی کے ساتھ کرسمس جشن منانے کے دوران سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کیا۔براعظم جنوبی امریکا کے ملک چلی نے فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان چلی کے صدر گیبرئیل بورک نے چلی میں موجود فلسطینی کمیونٹی کے ساتھ کرسمس کے جشن کے موقع پر کیا۔عرب دنیا سے باہر سب سے زیادہ فلسطینی چلی میں مقیم ہیں جن کی تعداد کا تخمینہ 3 سے 5 لاکھ کے درمیان لگایا گیا ہے۔ صدر گیبرئیل نے کہا کہ ہم نے بطور حکومت ایک فیصلہ کیا ہے جس کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا وہ یہ ہے کہ ہم فلسطین میں اپنی سرکاری نمائندگی بڑھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین میں اپنا سفارتخانہ کھولیں گے۔ خیال رہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے میں درجنوں ممالک کے نمائندہ دفاتر قائم ہیں لیکن صرف چند ایک کے سفارتخانے ہیں۔یاد رہے کہ چلی نے 2011 میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا تھا اور یونیسکو میں اس کی شمولیت کی حمایت کی تھی۔