لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے عمران خان اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کردیے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں عمران خان اور فواد چودھری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عمران خان اورفوادچودھری کی طرف سے بابراعوان اورفیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے ۔ لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے عمران خان اور فواد چودھری کو جاری کیے گئے توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کردیئے۔ عمران خان اورفوادچودھری سے متعلق شوکاز نوٹس کے معاملے پر 29 ستمبر کو لارجر بینچ سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور فواد چودھری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے عوام سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگائے اور توہین آمیز ریمارکس دیے۔ عمران خان اور فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیے تھے۔ عمران خان اور فواد چودھری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کا اختیار حاصل نہیں، آئین کے مطابق عدالتی اختیارات انتظامی اداروں کو تفویض نہیں کیے جاسکتے۔ درخواست کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز آئین و قانون کے خلاف ہیں، الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ اپنے خلاف مبینہ توہین کے مقدمے کے خود جج ہیں۔