جنیوا: وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی وفد کو بڑی کامیابی اس لحاظ سے ملی ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں ڈالرز کی امداد کے اعلانات عالمی اداروں و برادری کی جانب سے کیے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی قیادت میں جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے والے حکومتی وفد کی جانب سے سیلاب متاثرین کا مقدمہ پیش کیے جانے کے بعد عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کی جانب سے اربوں ڈالرز کی امداد کے اعلانات کیے گئے ہیں۔ جنیوا کانفرنس میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے تین سال میں چار ارب 20 کروڑ ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ عالمی بینک نے سیلاب متاثرین کے لیے دو ارب ڈالرز کی امداد کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر جنیوا میں ہیں جہاں فرانس کی جانب سے پہلے ہی ایک کروڑ ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔