Breaking News
Home / عالمی خبریں / فغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے قریب ایک خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک

فغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے قریب ایک خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے قریب ایک خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طالبان کی وزارت اطلاعات کے ایک عہدیدار استاد فریدون نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور وزارت خارجہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم اس کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔‘ جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے باہر لوگ برف سے ڈھکی سڑک پر پڑے ہوئے ہیں۔

 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ڈرائیور جمشید کریمی کے مطابق ’مجھے نہیں معلوم کہ کتنے لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا۔‘ کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق دھماکہ چار بجے کے قریب ہوا۔ انہوں نے ہلاک اور زخمی افراد سے متعلق تفصیل فراہم نہیں کی تاہم کہا کہ تحقیقات کر رہے ہیں۔ خالد زدران کے مطابق ’سکیورٹی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔‘

 

اطلاعات اور ثقافت کے نائب وزیر مہاجر فراہی نے کہا ہے کہ ’آج وزارت خارجہ میں ایک چینی وفد کا دورہ متوقع تھا لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ آیا وہ دھماکے کے وقت موجود تھے۔‘ خودکش دھماکہ کابل کے ایک ایسے علاقے میں ہوا جہاں کئی وزارتوں کے دفاتر موجود ہیں۔ اسی طرح اسی علاقے میں دیگر ممالک سمیت چین اور ترکی کے سفارتخانے بھی ہیں۔ اس علاقے کی سکیورٹی بھی سخت ہے اور جگہ جگہ چیک پوائنٹس بھی قائم ہیں۔ قریبی عمارت میں موجود ایک شخص نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ زوردار دھماکے کی آواز سننے کے بعد ان کو عمارت سے نکالا گیا۔ اگست 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے سکیورٹی میں بہتری کا دعویٰ کیا ہے

 

تاہم متعدد دھماکے اور حملے ہوئے ہیں۔ جن میں کئی کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔ داعش نے روس اور پاکستان کے سفارتخانوں اور ایک ہوٹل میں چینی کاروباری افراد سمیت کچھ مقامات پر غیرملکیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ ماہ کابل کے ایک ہوٹل میں کم از کم پانچ چینی شہری زخمی ہوئے تھے جب مسلح افراد نے ہوٹل پر حملہ کیا تھا۔ چینی شہریوں اور پاکستانی ناظم الامور پر حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ اکتوبر میں وزارت داخلہ کے قریب ایک مسجد پر خودکش حملے میں چار افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔ ستمبر میں روسی سفارت خانے کے باہر خودکش حملے میں دو روسی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔

 

 

 

 

 

 

Check Also

برطانیہ عالمی جنگوں میں لڑنے والے مسلمان فوجیوں کے لیے یادگار تعمیر کرے گا

برطانیہ اُن لاکھوں مسلمان فوجیوں کے لیے ایک جنگی یادگار تعمیر کر رہا ہے جنہوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے