سعودی عرب کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے مکمل عمرہ انشورنس پیکج میں کمی کردی گئی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے لیے مکمل عمرہ انشورنس پیکج کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔عمرہ انشورنس پیکج کی قیمت 235.57 ریال تھی جو کہ اب کم کرکے 87.4 ریال کردی گئی ہے۔وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو مکمل انشورنس پیکیج کے لیے صرف 87.4 ریال ادا کرنے ہوں گے۔ زائرین کو انشورنس پیکج مملکت آمد سے قبل ویزا کارروائی کے ذریعے حاصل کرنا ہوگا ۔عمرہ زائر کو مکمل انشورنس پیکج کے تحت ہر طرح کے ہنگامی حالات کی کوریج شامل ہو گی جس میں طبی معائنہ، ادویہ، اسپتال میں علاج اور کھانا پینا نیز ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے کی صورت میں سہولتیں، ڈائلاسز کیس، حمل اور ولادت کی ہنگامی صورتحال، دانتوں کے ہنگامی علاج اور اندرون و بیرون مملکت فضائی ایمبولینس کی سہولت شامل ہوگی۔ قدرتی آفات کے باعث موت اور حادثاتی طور پر مکمل معذوری کی کوریج بھی انشورنس پیکج کا حصہ ہو گی ۔ اس کے علاوہ متوفی کی میت کی وطن واپسی، حادثاتی موت اور عدالتی فیصلے پر دیت کی رقم کی ادائیگی بھی پیکج میں شامل ہے۔