سابق وزیرِ اعظم اور تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بلا کر خطاب کرانے پر وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کو فیڈرل جامعات کے لیے قائم تلاش کمیٹی سے فارغ کر دیا گیا۔ وفاقی وزارتِ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اصغر زیدی کی جگہ ڈاکٹر شعیب میر کو تلاش کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جی سی یونیورسٹی میں خطاب کیا تھا، جس پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے گورنر پنجاب کو مراسلہ بھجوایا گیا تھا۔ سردار فرحت منظور خان ایڈووکیٹ نے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی میں بچوں کو اعلیٰ تعلیم اور اخلاقیات کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی اور غیر اخلاقی زبان استعمال کی، ان کو یونیورسٹی میں خطاب کرنے کی اجازت دینے پر وائس چانسلر کے خلاف کارروائی کی جائے۔