اسلام آباد(ویب ڈیسک )یوم یکجہتی کشمیر کی شام آزاد جموں وکشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام ”شام یکجہتی و ثقافت کشمیر” کے عنوان سے کشمیری ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سینئر موسٹ وزیر حکومت و چیئرمین تقریبات کمیٹی خواجہ فاروق احمد، وزیر صنعت و تجارت چوہدری مقبول گجر،ممبر قانون ساز اسمبلی پیر مظہر سعید، سیکرٹری کشمیر کلچر اکیڈمی اعجاز حسین لون،ڈائریکٹر کلچر اکیڈمی فیضان عارف مغل،ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن کمیشن راجہ اسلم کے علاوہ شہریوں، یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
لوکل فنکاروں نے کشمیری شام یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری کلچر اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ڈرامے،ملی نغمے، ترانے،گیت، ٹیبلو اور لوگ گیت پیش کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر موسٹ وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا بنیادی مقصد جموں وکشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان اور آزاد خطے کے عوام اپنے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جب تک بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت آزادی نہیں دیتا ہے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے کشمیر کلچر اکیڈمی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے گزشتہ سات دہائیوں سے جموں و کشمیر کے لوگ آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اب تک سوا لاکھ سے زیادہ لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، ہمارا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے، عالمی دنیا ہوش کے ناخن لے اور بھارت کے مقبوضہ وادی میں ناحق غاصبانہ قبضے سے مظلوم کشمیریوں کو آزادی دلائیں۔
مودی سرکار نے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کر کے جموں وکشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی،کشمیر کی آزادی ابھی تک ادھوری ہے۔کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔یوم یکجہتی کشمیر، تحریک آزادی کشمیر اورکشمیر ثقافت کے حوالے سے ہماری نوجوان نسل کو آگاہی ہونی چاہیے۔انہوں کہاکہ کشمیری کلچر دنیا بھر میں مشہور ہے۔ کشمیر کی ثقافت صدیوں پرانی ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب تک مقبوضہ وادی کے نہتے کشمیریوں کو آزادی کی نعمت مل نہیں جاتی، مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز ہر پلیٹ فارم پر بلند کرتے رہیں گے۔