سرگودھا: جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن سینیٹر اعجاز چودھری نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ ہمت کریں، چار دن میں ہی بس ہو گئی، پولیس گرفتاری دینے والے کے سامنے سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرانوالہ میں کل 200 سے زیادہ کارکنان گرفتاری دیں گے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہزاروں لوگ پشاور اور ملتان میں موجود تھے لیکن رانا ثنا کی ٹیم گرفتاریوں کے بجائے بھاگ گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کل کی تیاری کریں، ضلع بھر سے کل سینکڑوں لوگ گرفتاریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ میں ملکی معیشت تباہ کر دی گئی ہے، عوام کے لیے مشکلات روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں، مریم نواز بھی پہلے مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج تھیں لیکن اب ہمارے احتجاج کے خلاف باتیں کررہی ہیں۔سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ جنرل باجوہ نے خود کہا کہ اس نے عمران خان کی حکومت ختم کی، یہ چور راستے سے اقتدار میں آئے ہیں تو اب کیوں بھاگ رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں نیب قوانین پر عملدرآمد کیا گیا تو انہیں تبدیلی یاد آ گئی حالانکہ نیب میں مقدمات انہوں نے خود ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ اب یہ آئین کو پامال کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئین سے انحراف سے ملک کو مزید نقصان ہو گا۔