وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم کو بھجوائے جانے والے اس سائفر کی وزیراعظم ہاﺅس میں وصولی کا ریکارڈ موجود ہے، اس کی کاپی ریکارڈ میں موجود نہیں۔
قانون کے مطابق یہ کاپی وزیراعظم ہاﺅس کی ملکیت ہوتی ہے۔ اجلاس نے قرار دیا کہ ڈپلومیٹک سائفر کی ریکارڈ سے چوری سنگین معاملہ ہے۔ کابینہ نے تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی، جو تمام ملوث کرداروں سابق وزیراعظم، سابق پرنسپل سیکریٹری ٹو پرائم منسٹر، سینئر وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کا تعین کرے گی۔ اجلاس میں آڈیوز لیکس کے معاملے پر تفصیلی غور کیاگیا اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی (این-ایس-سی) کی طرف سے اس معاملہ کی مکمل تحقیق کرنے کے فیصلے کی تائید کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر ریکوڈک کے حوالے سے وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کے ریکوڈک منصوبے کی تعمیر کے بارے سپریم کورٹ کے گزشتہ فیصلے کے حوالے سے وزیراعظم کی سفارش پر صدرِ پاکستان کی طرف سے وضاحتی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ ساتھ ریفرنس میں Foreign Investment (Protection & Promotion)، Bill 2022 کی منظوری کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی جائے گی۔
کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ’ای۔سی۔ایل‘ (Exit Control List)میں ناموں کی شمولیت اور اخراج کے لیے نئے’ایس۔او۔پی‘ (Standard Operating Procedure 2022) کی منظوری دی۔ نئے ’ایس۔او۔پی‘ کے تحت ’ای۔سی۔ایل‘ میں ناموں کی شمولیت اور اخراج کا طریقہ کار پہلے سے شفاف اور آسان بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ کابینہ نے ’ای۔سی۔ایل‘ میں 12 ناموں کی شمولیت اور 3 کے فہرست سے اخراج کی منظوری دی