لاہور:لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کر لی اور عدالت نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم بھی دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ مریم نواز نے ہائیکورٹ سے پاسپورٹ واپس لینے کے لئے رجوع کر رکھا تھا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نیب نے 4 سال سے چودھری شوگر مل کا ریفرنس دائر نہیں کیا ہے لہٰذا عدالت رجسٹرار آفس کو مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔ واضح رہے نیب نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، نیب حکام کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں ہے۔