مقبوضہ بیت المقدس:اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے پولیٹیکل بیورو کے رکن موسیٰ ابو مرزوق نے زور دے کر کہا ہے کہ قابض فوج کی طرف سے نابلس شہر میں کل سوموارکی صبح ہونے والا قتل عام اسرائیلی ریاست کی درندگی اور معصوم فلسطینیوں کا خون بہانے کی فطرت کی تصدیق کررہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ درندہ صفت اسرائیلیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی جان ومال ، عزت وآبرو اورمقدس مقامات کوئی بھی محفوظ نہیں۔ اسرائیلی دشمن ڈھٹائی کے ساتھ فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کررہا ہے اور ہمارے مقدس مقامات کی بے حرمتی کرتا ہے۔ خیال رہے کہ کل سوموار کے روز علی الصبح اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔ یہ واقعہ نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا جہاں قابض صہیونی فوج نے گھس کر نہتے فلسطینیوں کو تہہ تیغ کرڈالا۔ ابو مرزوق نے کہا کہ کل سوموار کے روز روز حماس کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے ایک گھناؤنے خونی جرم کا ارتکاب کیا ہے، مجرم صیہونی سکیورٹی وزیر ایتمار بن گویر کے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کے ایک دن سے بھی کم وقت میں تین نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نابلس میں قتل عام کے واقعے کے بعد حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ فلسطینی قوم قابض دشمن کے خلاف مسلح مزاحمت ہرمحاذ پر تیز کرے اور دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے۔
Check Also
اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی درست وقت پر کریں گے، ایرانی وزیر دفاع
شام میں ایرانی کمانڈر میجر جنرل رضا موسوی کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت پر ایران …