Breaking News
Home / پاکستان / انڈین خاتون انجو کو پلاٹس اور نوکری کی پیشکش، عمرہ پیکج کا اعلان

انڈین خاتون انجو کو پلاٹس اور نوکری کی پیشکش، عمرہ پیکج کا اعلان

انڈیا سے کچھ دن قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع دیر میں آ کر وہاں کے رہائشی نصر اللہ سے شادی کرنے والی خاتون انجو (فاطمہ) کو تحائف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں دو نجی ہاؤسنگ کمپنیز کی جانب سے انہیں دس دس مرلے کے پلاٹس سمیت دیگر قیمتی تحائف پیش کیے گئے ہیں۔گزشتہ جمعے کی شام رئیل سٹیٹ کمپنی کے سی ای او محسن خان عباسی نے انجو اور نصر اللہ کو 10 مرلہ پلاٹ تحفے میں دیا لیکن فیملی میں کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس کی تصدیق کر لی گئی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انجو محسن خان عباسی سے ایک چیک وصول کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انجو کو 10 مرلہ پلاٹ کے کاغذات بھی دیے جا رہے ہیں۔

 

پاک اسٹار گروپ آف کمپنیز کے سی ای او محسن خان عباسی نے نصراللہ اور انجو کو 10 مرلہ رہائشی پلاٹ، 50 ہزار روپے نقد اور دیگر قیمتی اشیا تحفے میں دیں۔ اس موقعے پر محسن خان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ اس حقیقت سے متاثر ہوئے کہ ‘نصراللہ کے انجو کے ساتھ رابطے بالآخر دعوت کی شکل اختیار کر گئے اور انجو کے اسلام قبول کرنے پر منتج ہوئے۔‘ آج (توار کو) نصر اللہ کی رہائش گاہ پر رئیل سٹیٹ بزنس سے تعلق رکھنے والے طفیل خان کی آمد ہوئی۔ نواب ہاؤسنگ ایوسی ایٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر طفیل خان نے انجو اور نصر اللہ کو دس مرلہ پلاٹ کے ساتھ ساتھ ان کے لیے عمرہ پیکج کا اعلان بھی کیا۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طفیل خان نے بتایا ’ہم نے انہیں 10 مرلہ پلاٹ تحفے میں دیا ہے۔ انجو نو مسلم ہے، اس لیے ہم نے جوڑے کو ایک عمرہ پیکج بھی دیا ہے۔‘

 

’یہ دونوں جب چاہیں عمرہ کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں.۔’ انہوں نے اردو نیوز کے سوال پر بتایا کہ ’دونوں نے ہمارے عمرہ پیکج کو قبول کیا ہے اور اللہ نے چاہا تو کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔‘ نصر اللہ کی رہائش گاہ پر مختلف مقامی لوگ جمع تھے۔ طفیل خان نے انجو اور نصر اللہ کو دیر میں ایک رہائشی گھر بنانے میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی. ’ہم دیر میں ان کے لیے گھر بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے روزمرہ خرچ کے لیے مالی معاونت بھی کریں گے۔‘ نصر اللہ کے گھر بھرے مجمع کے سامنے طفیل خان نے اعلان کیا کہ پاکستان بھر میں ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اُردو نیوز کو بتایا ’ہماری کمپنی کی جانب سے دونوں کو ملازمت بھی دی جائے گی۔

 

پاکستان بھر میں ہماری کسی بھی برانچ میں ان کی خواہش ہو، ہم انہیں جاب دیں گے۔‘طفیل خان نے خواہش ظاہر کی ’میں چاہتا ہوں کہ انجو کا ایسا استقبال ہو کہ دنیا حیران رہ جائے۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر شہر میں ان کا اپنا گھر ہو۔‘ اردو نیوز کو طفیل خان نے مزید بتایا کہ انجو کو پلاٹ اور عمرے کا تحفہ اس لیے دیا کہ وہ نو مسلم ہے اور ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ’اسلام امن پسند مذہب ہے اور ہم نو مسلموں کا استقبال دل سے کرتے ہیں‘ انہوں نے بتایا کہ ‘نصر اللہ نے مجھ سے صرف یہی کہا کہ انجو کے وزٹ کا دورانیہ کسی طرح بڑھا دیا جائے۔‘ انجو اور نصر اللہ پاکستانی میڈیا سے بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

 

نصر اللہ کے قریبی دوستوں کے مطابق ’وہ جلد ایک پریس کانفرنس میں تمام سوالوں کے جواب دیں گے اور اس کے ساتھ ہی انجو کے لیے مستقل شہریت سمیت سکیورٹی کا مطالبہ کریں گے۔‘ رواں ہفتے کے اوائل میں انجو اور نصراللہ نے اپنے نکاح اور مذہب تبدیل کرنے کے بارے میں خبروں کی تردید کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انجو 2 یا 3 دن میں ہندوستان واپس جانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

Check Also

پاسپورٹس میں سابقہ شوہر کے نام کا باکس بھی ہو گا: ڈی جی پاسپورٹس

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال کا کہنا ہے کہ شادی شدہ خاتون کا پاسپورٹ میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے