ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران پہلا ملک تھا، جس نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر نے اسلام آباد سے جاری بیان میں اہل پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کے 76ویں یوم آزادی پر پاکستانی حکومت اور قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا اور تہران نے اسلام آباد سے سفارتی تعلقات قائم کیے۔ ایرانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات طویل تاریخی مشترکات اور روابط پر مبنی ہیں، دنوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط بھائی چارے میں پروان چڑھے ہیں۔ رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ آج ہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کا 76واں سال ایک ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے امن، اتحاد، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کا خواہاں ہوں۔