پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔ عام انتخابات 90 روز کی آئینی مدت میں کرانے کے معاملے پر شاہ محمود قریشی نے انوار الحق کاکڑ کو خط لکھا ہے۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے خط میں لکھا کہ نگراں وزیراعظم بننے پر آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، ملک اس وقت دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کے بجائے خود کو احتساب سے بچانے کےلیے استعمال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ حکمران گروہ کے اس طرزِ عمل نے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا، سابق حکمرانوں نے تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی نیت سے اداروں کا استعمال کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں نہایت انسانیت سوز حالات میں رکھا گیا ہے، عمران خان کو آئین اور جیل قوانین میں فراہم کردہ بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس کو عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے اختیارات دیے گئے، 10 ہزار سے زائد کارکنان پابند سلاسل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو سونپے جانے والے اس عظیم فریضہ کی انجام دہی میں آپ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں، ملک کو پھر سے آئین اور قانون کی راہ پر چلانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہمارا پراصرار مطالبہ ہے کہ آپ انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات کی ساکھ کے لیے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کے لیے مساوی میدان فراہم کیا جائے، جمہوریت کی بنیاد شہریوں کے ووٹ کے حق پر استوار ہے۔