پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر شیئر کی گئی ویڈیو سے 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کو نکالے جانے پر پی سی بی شدید نقید کی زد میں ہے۔ گذشتہ تین دنوں سے سوشل میڈیا پر تمام تقریباً مکتبہ فکر کے لوگوں، سابق کھلاڑیوں، صحافیوں اور سیاسی ورکرز کی جانب شدید تنقید کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کی رات کو ایک ویڈیو جاری کرکے اس واقعے کی وضاحت دینے کی کوشش کی ہے۔ نئی ویڈیو میں 1992 کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان کو واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے کی جھلکیاں ہیں جس میں عمران خان کو چار مرتبہ واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔پی سی بی کے ٹوئٹر ہیڈل پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’پی سی بی نے ایک پروموشنل مہم شروع کی ہے جو کہ چیمپئنز ٹرافی 2023 تک چلے گی۔ مہم کی ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو سوشل میڈیا پراپلوڈ کی گئی تھی۔ ویڈیو کو طویل ہونے کی وجہ سے مختصر کیا گیا جس سے اس کے اہم کلپس کٹ گئے جس کی درستی مکمل ویڈیو میں کر دی گئی ہے۔‘ خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر جاری کی گئی ویڈیو میں 1952 سے لے کر اب تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور اہم واقعات کے مناظر ویڈیو اور تصاویر کی صورت میں دکھائے گئے تھے۔‘
اس ویڈیو میں 1992 کے ورلڈ کپ کے مناظر بھی تھے تاہم پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ کا واحد ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو اس ویڈیو میں نہیں دکھایا گیا تھا۔ بظاہر عمران خان کے کلپس اس ویڈیو سے دانستہ طور پر ہٹا دیے گئے تھے۔
جب سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہے اس وقت سے پی سی بی شدید تنقید کی زد میں تھا۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی نئی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ ’مقامی نہیں انٹرنیشنل بے عزتی کا اثر ہوا ہے، آئندہ ایسی گندی حرکت سے باز رہنا۔‘
فریحہ ادریس نے تبصرہ کیا کہ ’بالآخر سمجھداری سے کام لیا گیا ہے۔‘
نواز نامی صارف نے عمران خان کی 1992 کے ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے۔‘
عمران افضل راجا نامی صارف نے لکھا کہ ’اچھا سافٹ ویئر اپڈیٹ کیا عوام نے ۔۔ ایڈے تُسیں کاکے ۔۔ بھٹو نہیں نکلا ویڈیو سے صرف 92 کے ورلڈ کپ کا فاتح کپتان گلچ کر دیا؟؟ چیونٹیاں سمجھا ہے کیا؟‘