Breaking News
Home / مشرق وسطی / سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی جدہ میں ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی جدہ میں ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی جدہ میں ملاقات ہوئی ہے۔ جمعے کو سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی ہے، جو دراصل مارچ میں ہونے والے معاہدے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا مملکت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ملاقات میں دونوں حکام نے دو طرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران حالیہ بین الاقوامی اور علاقائی معاملات بھی زیر غور آئے۔ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے جبکہ ایرانی وفد کے حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان جمعرات کو مملکت کے پہلے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے۔ جمعرات کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امید ظاہر کی کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مملکت کا دورہ کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تصدیق کی کہ صدر رئیسی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جون میں تہران کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔ خیال رہے کہ 6 جون کو ایران نے سعودی عرب میں سات سال بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا۔ رواں برس مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہوا تھا۔ سنہ 2016 میں مظاہرین کی جانب سے تہران میں واقع سعودی سفارت خانے پر حملے کے نتیجے میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے

 

 

Check Also

اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی درست وقت پر کریں گے، ایرانی وزیر دفاع

شام میں ایرانی کمانڈر میجر جنرل رضا موسوی کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت پر ایران …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے