Breaking News
Home / عالمی خبریں / فنڈنگ میں کمی کے دوران اقوام متحدہ کا تنازعات سے متاثرہ کروڑوں افراد کی امداد کا فیصلہ

فنڈنگ میں کمی کے دوران اقوام متحدہ کا تنازعات سے متاثرہ کروڑوں افراد کی امداد کا فیصلہ

انسانی امداد میں کمی کے درمیان اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے تنازعات اور دیگر بحرانوں سے متاثرہ دنیا بھر کے 25 کروڑ افراد کی مدد کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار ’عالمی یوم انسانی ہمدردی ’ کے موقع پرکیا گیا جب کہ یہ دن ہر سال 19 اگست کو 2003 میں اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب بغداد میں کینال ہوٹل میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے عملے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر بھی شامل تھے جو عراق میں اقوام متحدہ کے مشن کے سربراہ بھی تھے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ بحران بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے تحت امداد دینے والے لاکھوں ضرورت مندوں کی امداد کم کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں جو کہ نا قابل قبول ہے۔

 

انہوں نے بڑھتی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، عالمی انسانی حقوق اور اس سے متعلق قانون کی صریح خلاف ورزی، جان بوجھ کر حملے اور غلط معلومات کی مہموں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ انسان دوست افراد کو درپیش خطرات بھی کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ گزشتہ سال 235 حملوں میں 444 امدادی کارکن تشدد کا شکار ہوئے، ان رضا کاروں میں سے 116 ہلاک، 143 زخمی اور 185 اغوا ہوئے، ان افراد میں سے زیادہ تر غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کرنے والے قومی شہری تھے۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی نے اس موقع پر اپنے قیام کے 90 سال مکمل کیے جب کہ عالمی سطح پر اپنے 90 سالہ اور پاکستان کے ساتھ اپنے 40 سالہ سفر کے دوران آئی آر سی نے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تخلیقی طریقہ کار استعمال کیے گئے۔ آئی آر سی کا کہنا ہے کہ ضروری طبی خدمات، صاف پانی، تعلیم سے لے کر بے گھر ہونے والے لوگوں کو تحفظ کی فراہمی تک اس کے امدادی اقدامات کا دائرہ کار 40 سے زیادہ ممالک تک پھیلا ہوا ہے جب کہ ان ممالک میں دنیا کے کچھ ایسے خطے بھی شامل جو ناقابل رسائی ہیں جہاں سیکیورٹی کے سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

 

پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے متعلق ابتدائی ضروریات کی نشاندہی کی رپورٹ میں آئی آر سی کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان کے 8 اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، دادو، قمبر شہداد کوٹ، راجن پور، نصیر آباد، جعفرآباد اور خاران میں متاثرہ آبادی کی ضروریات کی نشاندہی کرنے کے لیے کئی شعبہ جاتی جانچ کا طریقہ اپنایا گیا۔ آئی آر سی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے پر بھی منفی اثر پڑا جہاں ہزاروں مویشیوں کو بچایا نہیں جا سکا۔ رپورٹ کے مطابق جہاں تک انفراسٹرکچر کا تعلق ہے وہاں ان اضلاع میں 2 ہزار 652 مکانات مکمل طور پر تباہ جب کہ 3 ہزار 284 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جب کہ انفراسٹرکچر کو بھی سندھ اور بلوچستان میں سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔

Check Also

برطانیہ عالمی جنگوں میں لڑنے والے مسلمان فوجیوں کے لیے یادگار تعمیر کرے گا

برطانیہ اُن لاکھوں مسلمان فوجیوں کے لیے ایک جنگی یادگار تعمیر کر رہا ہے جنہوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے