ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے غزہ پر گزشتہ ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جرائم جاری رہے تو دنیا بھر کے مسلمانوں اور مزاحمتی قوتوں کو کوئی نہیں روک سکتا۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کے علاقوں پر قابض افراد شہری نہیں مسلح لوگ ہیں، صیہونی حکام کو ان مسلح افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی اسرائیل اور امریکا دونوں کو خبردار کیا ہے کہ فلسطین میں صورتِ حال بگڑی تو ایران خاموش تماشائی نہیں رہے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو امریکا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور اسرائیل کا نقشہ بدل جائے گا۔