صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عرفان سعادت خان کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس سعادت خان کی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ 20 اکتوبر کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اتفاق رائے سے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عرفان سعادت کو بطور جج سپریم کورٹ میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس عرفان سعادت کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے پر غور کیا گیا تھا، چیف جسٹس نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا تھا کہ جسٹس عرفان سعادت خان مطلوبہ معیار پر پوارا اترتے ہیں، تجربہ کار اور تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ججوں میں سب سے سینئر جج ہیں۔ جس پر اجلاس میں موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر ان کی نامزدگی کی منظوری دی، جس کی توثیق وفاقی وزیر قانون نے بھی تحریری طور پر کی تھی۔ آئین کے آرٹیکل 75A کی ذیلی شق (8) ا ور (12) کے تحت جسٹس عرفان سعادت خان کی نامزدگی کو حتمی منظوری کیلئے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا گیا تھا۔