کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ان کی نشستوں پر پی ٹی آئی الیکٹبلز یا وکلا انتخاب لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ انتخابات کیلئے سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا ضروری ہے، ہمارا آج بھی یہی مطالبہ ہے آصف زرداری کا پورا انٹرویو سننے کی بجائے ایک جملہ پکڑلیا جاتا ہے ۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی بولنگ میں بہت فرق ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کیساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا تھا، بلا ہے اور بلا ہی رہے گا، پچھلے تین الیکشن میں بلے کا نشان تحریک انصاف کے پاس تھا،
الیکشن ایکٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کس طرح ہوں، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراضات میں کوئی وزن نہیں ہے، اعتراضا ت کچھ اس قسم کے تھے کہ تصویریں ہمیں نظر نہیں آرہیں، الیکشن کمیشن نے پہلے فارن فنڈنگ پھر انٹرا پارٹی الیکشن پر ہمیں میڈیا کی زینت بنایا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں مین میخ نکالنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، قانون کہتا ہے پانچ سال کوئی پارٹی الیکشن نہ کرائے تو صرف جرمانہ ہوگا، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھین لینا کسی کی خواہش ہوسکتی ہے قانون نہیں ہے، ہم نے پارٹی کے اندرونی دستور کے مطابق میرٹ پر الیکشن کرایا ہے، الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے الیکشن کا جائزہ لینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کو کتنے ہی مقدمات میں گرفتار کرلیں ووٹرز کی رائے پر کوئی قبضہ نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی نے ووٹرز تک پہنچنے کیلئے متبادل راستے چن لئے ہیں،
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورچوئل جلسہ کرنے جارہے ہیں، اس ورچوئل جلسے کا اثر اس سے کہیں زیادہ ہوگا جو مین اسٹریم میڈیا کے ذریعہ کیا جاتا ہے، سارے ادارے اس وقت جھوٹے الزامات میں قید عمران خان کے پاس حاضری دیں گے، عمران خان کی تصویر، تقریر اور تشہیر سے لوگ ڈرتے ہیں، عمران خان لوگوں کے دلوں میں بستا ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز امیدوار الیکشن میں ضرور آئیں گے، ہماری انتخابی مہم رجیم چینج کے د ن سے چل رہی ہے، کچھ دن پہلے باہر سے آنے والے عوام میں نہیں نکل پارہے، عمران خان مقبول نہیں تو ہم پر سے پابندیاں ہٹالیں، ہمیں جلسے، جلوس، ورکرز کنونشن کرنے دیں، الیکشن میں تحریک انصاف ہر سیٹ پر امیدوار کھڑے کرے گی، ہر جگہ سے ایک سے زیادہ امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان جس کو کہیں گے وہ الیکشن لڑے گا، عمران خان مجھے جہاں سے الیکشن لڑنے کا کہیں گے وہاں سے الیکشن لڑوں گا، وکلاء کو لازماً ٹکٹ ملیں گے جہاں ضرورت ہوگی وہ کاغذات نامزدگی فائل کریں گے، پارٹی کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہنے والوں کو ٹکٹ ملیں گے۔