بلے کا نشان نہ ملنے سے پی ٹی آئی کو صو بائی اسمبلیوں سمیت سینٹ اور قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی 227 مخصوص نشستوں پر بھی نقصان ہو گا۔ عدلیہ سے پی ٹی آئی کو ریلیف نہ ملنے کی صورت میں جنرل الیکشن کے ساتھ ساتھ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور سینیٹ انتخاب میں انہیں اس الیکشن کی بنیاد پر کوئی نشست نہیں ملے گی۔ آئین کے مطابق مخصوص نشستیں صرف رجسٹرڈ پارٹیوں اور ایک انتخابی نشان پر لڑنے والی جماعتوں کو الاٹ کی جاتی ہیں، موجودہ قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی 266 نشستوں میں سے پنجاب کے 141، سندھ 61، خیبر پختونخوا 45 ، بلوچستان 16 اور اسلام آباد کے 3 حلقے ہیں۔ اسی کوٹے کے تحت آئین کے آرٹیکل 106 کے مطابق صوبائی اسمبلی کی جنرل 593 نشستوں میں سے پنجاب کی 297 ، سندھ 130، خیبر پختونخوا 115 اور بلوچستان کی 51 نشستیں آئین میں طے ہیں اور اسی کے مطابق حلقہ بندی ہوئی ہے۔