لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سکیورٹی فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ سکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ طلب کروں گا، بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہماری ہے۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیے کہ ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے، پہلے لیاقت علی خان اور پھر بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے،چیک کریں ان کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ درخواست راولپنڈی بینچ میں سنی جاسکتی ہے، پرنسپل سیٹ پر نہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کارروائی 3اپریل تک ملتوی کردی۔