فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔ فیٹف کا 2 روزہ اجلاس پیرس میں ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرمملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر نے کی۔ اجلاس کے بعد باقاعدہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے۔ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ایف اے ٹی ایف کا اجلاس گذشتہ 2 روز سے جاری تھا جس میں ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا، آخرکار پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خوشی کا موقع ہے، اس کامیابی میں جس جس نے بھی کردار ادا کیا مبارکباد کا مستحق ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ چار سال سے پاکستان کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ایف اے ٹی ایف اچھا ادارہ ہے لیکن اس کے نکات پر عملدرآمد مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں باقیوں سے بہت تیز کام کرنا پڑا۔ خیال رہے کہ2018 میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس یا ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا تھا۔