مظفرآباد(پی آئی ڈی))وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پانچ اگست2019 سے بھارتی فوج کے محاصرے کا شکار مظلوم بہن، بھائیوں بیٹوں اور بزرگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کا جھنڈ ا نہیں گرنے دینگے اور اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔ قابض بھارتی افواج کے سامنے سینہ سپر اپنے کشمیریوں بھائیوں کو سلا م پیش کرتا ہوں۔ ہمارے آباؤ اجداد نے جب یہ خطہ آزاد کراویا تو وہ اس وقت شدید بے سروسامانی کے عالم میں تھے۔ اس وقت کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال مثال رقم کی۔ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ استقامت سے کھڑے رہیں۔ آزادحکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے۔
ہماری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے اور اس کیلئے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔ بھارت کے ہٹ دھرم رویے نے کشمیری عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ آزادی کے حصول کے لیے میدان عمل میں کود پڑیں۔ کشمیر ی عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کی تاریخ میں جن ابواب کا اضافہ کیا اس کی مثال تاریخ میں مشکل ہی سے مل سکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 5اگست2019 کے بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد مقبوضہ وادی بھارت کے فوجی محاصرے میں ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور مقبوضہ وادی کو دنیاکی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے کے جنم لینے کا امکان ہے۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آباء کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے۔