واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نےکہا ہے کہ روسی فوج کے یوکرین سے مکمل انخلا تک جنگ بند نہیں ہوگی ۔امریکی صدر نے وائٹ ہاوس میں شمالی افریقہ اور ایشیا کے دوروں سے قبل اخباری نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیئے۔ بائیڈن نے کہا کہ میری اورچینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات 14 نومبر کو انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں جی 20 اجلاس کے دوران ہوگی اور امید ہے کہ یہ مفید بھی ثابت ہوگی ۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور دو طرفہ رابطے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے، امریکہ چین مسابقت اور مل کر کام کرنے کے مواقعوں پر بھی بات ہوگی اور دونوں ملکوں کے باہمی مفادات اور بین الاقوامی چیلنجز بھی گفتگو میں شامل ہوں گے۔ دریں اثنا، روس۔یوکرین جنگ کے بارے میں امریکی صدر نے کہا کہ روس کے یوکرین سے مکمل انخلا ہونے تک یہ جنگ ختم نہیں ہوگی،ہم یوکرین کو اوینجر فضائی دفاعی نظام دیں گے۔ امریکی امور دفاع کی نائب ترجمان صابرینہ سنگھ نے بھی بتایا ہے کہ صدر بائیڈن کی ہدایات پر امریکی فوج کے بجٹ سے یوکرین کو 400 ملین ڈالرز کی عسکری امداد ملے گی